'دنیا میں کسی اور ٹیم کےباولرز کے پاس یہ ہنر نہیں جو پاکستانیوں کے پاس ہے، عمر گل نے اہم بات بتا دی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ اس وقت اچھے فاسٹ باولرز ہیں، ہمارے پاس 7،6 فاسٹ باولرز ایسے ہیں جو 140 سے زائد سپیڈ کے ساتھ باولنگ کرتے ہیں، دنیا میں اس وقت کسی اور ٹیم کے پاس اتنی تعداد میں اس سپیڈ سے بولنگ کرنے والے بولرز نہیں ہیں، سپیڈ والے باولرز کے ساتھ کام کر کے میں بہت پرجوش ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل ہمیں اپنے فاسٹ باولرز کا خیال رکھنا ہے، 5،6 بولرز جو 140 سے زائد کے ساتھ باولنگ کرتے ہیں، ہمیں ان کا دھیان رکھنا ہے، بولرز کو روٹیشن پالیسی کے مطابق کھلانا ہو گا، منیجمنٹ اور سلیکٹرز ضرور اس کو دیکھ رہے ہوں گے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ کافی آسانی ہے کیونکہ میں ان کے ساتھ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں کھیل چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ انڈر سٹینڈنگ اور دوستانہ ماحول ہے، وہ رسپانس اچھا دے رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ میں اپنے تجربے سے کھلاڑیوں کو آگاہ کر رہا ہوں، میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے، باولنگ اسکلز اور ایکشن پر میں کم وقت میں کام نہیں کر سکتا، کوشش یہی ہے کہ گیم کے بارے آگاہی پر زیادہ سے زیادہ کام کروں۔ عمر گل نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف تجربہ کار ہو چکے ہیں، انہیں قومی ٹیم اور فرنچائز کرکٹ کا تجربہ ہے، نوجوان بولرز اچھے ہیں، زمان خان کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔
No comments:
Post a Comment